اوٹاوا: کینیڈا میں سرحد پار منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ تقریباً 1.7 ٹن منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کی مالیت 139 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ، جس میں این ڈی ٹی وی کا حوالہ دیا گیا ہے، کے مطابق یہ کارروائی کینیڈین حکام کے “پروجیکٹ بے” کے تحت کی گئی۔ تحقیقات کے دوران تجارتی ٹرانسپورٹ سے وابستہ ایک ایسے مبینہ غیرقانونی نیٹ ورک کا سراغ ملا، جس کے روابط بھارتی نژاد افراد سے جوڑے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے مختلف پہلوؤں کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
دوسری جانب بعض حلقوں کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ بھارتی جرائم پیشہ گروہوں کی عالمی سطح پر سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور ان کے خلاف مزید مؤثر کارروائی کی ضرورت ہے۔ تاہم اس حوالے سے بھارتی حکومت کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔
