ادارہ تحقیقاتِ اسلامی کی پوسٹ ڈاکٹریٹ تقریب، 100 محققین کو اسناد سے نواز دیا گیا

0
2

اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقاتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام سیشن 2024-2025 کے پوسٹ ڈاکٹریٹ اسکالرز کے اعزاز میں اسناد تقسیم کرنے کی پروقار تقریب فیصل مسجد کیمپس کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جہاں 100 محققین کو کامیابی کے ساتھ پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کرنے پر اسناد سے نوازا گیا۔

تقریب میں ملک بھر سے ممتاز ماہرینِ تعلیم، جامعات کے سربراہان، محققین اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں، جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر علامہ محمد راغب حسین نعیمی مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر و قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد بھی تقریب میں موجود تھے۔

اپنے خطاب میں وجیہہ قمر نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور ادارہ تحقیقاتِ اسلامی کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوسٹ ڈاکٹریٹ تحقیق اعلیٰ تعلیم، قومی ترقی، مؤثر پالیسی سازی اور علمی قیادت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کامیاب محققین کو مبارکباد دیتے ہوئے تحقیق کے میدان میں ان کی خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ڈاکٹر علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور کے فکری اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے معیاری تحقیق ناگزیر ہے، جبکہ اسلامی علوم میں نئی تحقیقی جہات کی تلاش وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کرنے والے اسکالرز کی علمی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب کے کلیدی مقرر، یونیورسٹی آف نارووال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے کہا کہ پوسٹ ڈاکٹریٹ تحقیق نہ صرف معاشرتی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ مضبوط علمی اور تحقیقی نظام کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ادارہ تحقیقاتِ اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم نے استقبالیہ خطاب میں ادارے کی علمی روایت، تحقیقی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر جاری منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی اعلیٰ معیار کی تحقیق کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

تقریب کے اختتام پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر و قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کامیاب پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوز کو مبارکباد پیش کی اور جامعہ کے عالمی معیار کی تحقیق کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں 100 اسکالرز میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ تقریب کا اختتام گروپ فوٹو اور ظہرانے کے ساتھ ہوا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا