وزیراعظم کی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر مکمل تعاون کی یقین دہانی

0
2

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نو منتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی، جس میں خطے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی پائیدار ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں قابلِ تجدید توانائی، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم ہوں۔

وزیراعظم کے مطابق وفاقی حکومت کے اہم منصوبوں میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ اور دانش اسکولوں کے قیام کے منصوبے سرفہرست ہیں، جن سے علاقے میں توانائی اور تعلیمی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو سرکاری خدمات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی شریک تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا