پاکستان کے دریاؤں میں صورتحال قابو میں، تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار

0
2

پاکستان محکمۂ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے 21 جولائی 2026 کے لیے دریاؤں کی تازہ صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر سیلابی صورتحال قابو میں ہے، تاہم دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے درمیانی حصے میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ کے چشمہ سے کوٹری تک کے حصے، دریائے جہلم، چناب، راوی اور کابل سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اہم برساتی نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کہیں بھی درمیانے یا اونچے درجے کے سیلاب کی اطلاع نہیں ملی۔

ڈیموں کی موجودہ صورتحال کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1509.11 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں پانی کا ذخیرہ اپنی گنجائش کا تقریباً 61 فیصد ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی تاریخ کو یہ ذخیرہ 80 فیصد تھا۔

منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1178.60 فٹ ہے اور ذخیرہ تقریباً 41 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ برس اسی روز یہ شرح 51 فیصد تھی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ میں تربیلا میں 3 لاکھ کیوسک، منگلا میں 1 لاکھ 33 ہزار کیوسک، ہیڈ مرالہ پر 1 لاکھ 31 ہزار 123 کیوسک اور کالا باغ کے مقام پر 1 لاکھ ایک ہزار 193 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران اہم دریاؤں میں پانی کی آمد میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، تاہم موجودہ پیش گوئی کے مطابق کسی بڑے درجے کے سیلاب کا فوری خدشہ نہیں ہے۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا