ملک بھر میں آج سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کا نیا نظام نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب دونوں مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ روزانہ لیا جائے گا اور نئی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق نئے طریقۂ کار کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ہر کاروباری روز نئی ایکس ڈپو قیمت اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی، تاہم ہفتہ اور اتوار کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں عالمی منڈی میں گزشتہ سات روز کے اوسط نرخوں سے منسلک ہوں گی، جبکہ قیمتوں کے تعین کے لیے اوگرا کو حکومت سے پیشگی منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئے نظام کے تحت پیٹرول کی قیمت درآمدی لاگت اور متعلقہ پریمیم کی بنیاد پر مقرر کی جائے گی، جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی درآمدی لاگت اور سات روز کے اوسط عالمی نرخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طے ہوگی۔
دستاویز میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کابینہ کی مقرر کردہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ لیوی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی صرف وزارتِ خزانہ کی منظوری سے ہی ممکن ہوگی۔
حکام کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کو زیادہ تیزی سے مقامی مارکیٹ تک منتقل کرنا اور قیمتوں کے تعین کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
