ریگی للمہ، پشاور میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت مزدوروں کی ہاؤسنگ کالونی اور متعلقہ اراضی پر قائم تجاوزات کے مسئلے کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت، اراضی کے تحفظ اور زیر التواء معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ کی گورننگ باڈی کی ہدایت پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے گورننگ باڈی کے اراکین فرخ شہزاد اور عمر مسعود کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری لیبر خیبر پختونخوا کیپٹن (ر) میاں عادل اقبال نے کی۔
اجلاس میں ریگی للمہ ہاؤسنگ کالونی کی موجودہ صورتحال، اراضی پر تجاوزات، ترقیاتی کاموں اور منصوبے کو درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ذریعے تجاوزات کے خاتمے، سرکاری اراضی کے تحفظ اور منصوبے سے متعلق تمام زیر التواء معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے تاکہ مزدور برادری کو جلد از جلد رہائشی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس کے بعد سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے گورننگ باڈی کے اراکین کے ہمراہ کے پی کے ہائی ویز اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر سہیل ادریس سے بھی ملاقات کی، جہاں باہمی دلچسپی کے مختلف ترقیاتی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود، رہائشی منصوبوں کے تحفظ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کے ذریعے مسائل کا بروقت اور پائیدار حل یقینی بنایا جائے گا۔
