کروڑوں روپے سے تعمیر ماڈل راجہ بازار پہلی ہی بارش میں ڈوب گیا، دکانوں، گھروں اور تحصیل آفس میں پانی داخل

0
1

راولپنڈی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے نئے راجہ بازار (ماڈل بازار) کی پہلی ہی شدید بارش میں ناقص نکاسی آب کے دعوے بے نقاب ہو گئے۔ بازار مکمل طور پر زیرِ آب آ گیا، جبکہ اس سے ملحقہ تحصیل آفس بھی پانی میں ڈوب گیا۔

شدید بارش کے باعث پانی نہ صرف بازار کی سڑکوں پر جمع ہوگیا بلکہ قریبی گھروں، دکانوں اور سرکاری دفاتر میں بھی داخل ہوگیا، جس سے شہریوں اور تاجروں کو لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

صورتحال اس وقت مزید تشویشناک ہوگئی جب تحصیل آفس کے رجسٹری آفس میں بھی پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث اہم سرکاری ریکارڈ اور دفتری امور متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

متاثرہ شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ بارش کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود انتظامیہ موقع پر دکھائی نہیں دی، جبکہ نکاسی آب کے لیے بھی کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود پہلی ہی بارش میں یہ حال ہے تو منصوبے کے معیار پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پانی کی نکاسی، متاثرین کے نقصانات کا ازالہ اور ناقص تعمیراتی کام کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا