پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کے میدان میں بے مثال کامیابیوں کے بعد اب ہالی ووڈ کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ النصر کے اسٹار کپتان اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز “Day Ones” کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں، جہاں وہ صرف اداکار ہی نہیں بلکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ سیریز رونالڈو کی پروڈکشن کمپنی UR•Marv Studios تیار کر رہی ہے، جسے انہوں نے معروف برطانوی فلم ساز میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کیا ہے۔ میتھیو وان اس سے قبل کئی کامیاب ہالی ووڈ فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔
سیریز کی کہانی ایک فرضی فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کے گرد گھومتی ہے، جو جدید فٹبال کی چمک دمک، طاقت کی سیاست، مالی مفادات اور سخت مقابلے سے بھرپور دنیا کا سامنا کرتا ہے۔
ڈرامے کی کاسٹ بھی خاصی متاثر کن ہے، جس میں سابق فرانسیسی فٹبال لیجنڈ تھیری ہنری، معروف برطانوی اداکار ڈیمین لیوس، ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات شامل ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سیریز کی شوٹنگ شمال مغربی لندن میں جاری ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ “Day Ones” فٹبال سے جڑی کہانیوں کو ایک نئے اور حقیقت کے قریب انداز میں پیش کرے گی اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر نمایاں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔
رونالڈو کی یہ نئی اننگز اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ کھیل کے میدان کے بعد اب شوبز اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہیں۔
