اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے 5 اگست تک ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں، سیاحوں، کسانوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں 29 جولائی سے بالائی اور وسطی پاکستان میں داخل ہوں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی بارشوں کی شدت میں اضافہ کرے گا۔
آزاد کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار اور کہیں کہیں انتہائی شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی موجود ہے۔
اس کے علاوہ کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے پہاڑی ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ، جبکہ تیز بارش، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے، کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے، جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
