ایک ہفتے میں پیٹرول 24 روپے 47 پیسے اور ڈیزل 60 روپے 16 پیسے مہنگا، عوام پر مہنگائی کا نیا بم گرا دیا گیا

0
1

اسلام آباد: شدید معاشی دباؤ کا شکار عوام پر ایک اور بڑا بوجھ ڈال دیا گیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 47 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد عوامی اور کاروباری حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 17 جولائی کو 5 روپے 44 پیسے اضافہ کیا گیا، 20 جولائی کو محض 35 پیسے کمی کی گئی، تاہم اس کے بعد مسلسل اضافوں کا سلسلہ جاری رہا۔ 21 جولائی کو 4 روپے 93 پیسے، 22 جولائی کو 6 روپے 39 پیسے، 23 جولائی کو 4 روپے 40 پیسے اور 24 جولائی کو مزید 3 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ کیا گیا۔ 18 جولائی کو 31 روپے 5 پیسے، 20 جولائی کو 5 روپے 71 پیسے، 21 جولائی کو 7 روپے 15 پیسے، 22 جولائی کو 7 روپے 83 پیسے، 23 جولائی کو 3 روپے 62 پیسے اور 24 جولائی کو مزید 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس سے صرف ایک ہفتے میں ڈیزل 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ براہِ راست ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے، صنعتی لاگت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی ایک نئی لہر جنم لے سکتی ہے۔

ادھر حکومت کی پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ خطے کے کئی ممالک نے عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ اور علاقائی کشیدگی کے باوجود اپنی عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی، جبکہ پاکستان میں مختصر مدت کے دوران بار بار قیمتیں بڑھا کر عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔ ان کے مطابق تنخواہ دار طبقہ، مزدور، کسان اور چھوٹے کاروباری پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی قوتِ خرید کو مزید کمزور کر سکتا ہے۔

دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی خام تیل کی قیمت، درآمدی لاگت، شرح مبادلہ اور ٹیکسوں سمیت مختلف معاشی عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ تاہم مسلسل اضافوں نے یہ سوال ضرور کھڑا کر دیا ہے کہ اس کا بوجھ آخر کب تک صرف عام شہری ہی برداشت کرتا رہے گا؟

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا