وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا وژن، ورکرز کو عالمی معیار کی طبی، تعلیمی اور فلاحی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح

0
2

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کے وژن کے تحت ملک بھر کے صنعتی ورکرز کو عالمی معیار کی صحت، تعلیم اور فلاحی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذولفقار احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تعاون سے قائم مختار اے شیخ اسپتال، ملتان کا دورہ کیا۔

اس موقع پر اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور دیگر انتظامی افسران نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کا خیرمقدم کیا۔ دورے کے آغاز میں اسپتال انتظامیہ نے ادارے کی کارکردگی، جدید طبی سہولیات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انتظامیہ نے بتایا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تعاون سے قائم یہ اسپتال پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے صنعتی ورکرز اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ رجسٹرڈ ورکرز کو علاج، تشخیص اور دیگر طبی خدمات پر تقریباً 90 فیصد تک رعایت دی جاتی ہے، جبکہ ان کی سہولت کے لیے خصوصی ورکرز سروس ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ انہیں بروقت اور آسان رسائی کے ساتھ بہترین طبی خدمات میسر آ سکیں۔

ذولفقار احمد نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام صنعتی ادارے اپنے کارکنوں کا درست اور مکمل ڈیٹا ورکرز ویلفیئر فنڈ کو فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ محنت کش ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا واضح وژن ہے کہ ملک کے ہر محنت کش اور اس کے خاندان کو صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، اور ورکرز ویلفیئر فنڈ اسی وژن کو عملی شکل دینے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے۔

سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے اس موقع پر ورکرز ویلفیئر کے تعلیمی اداروں، میڈیکل کالجز اور تربیتی مراکز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ کی ڈگریاں اور پیشہ ورانہ تربیت عالمی سطح پر قابلِ قبول ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وفاقی وزیر کو ایک جامع منصوبہ پیش کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جا سکیں۔

ذولفقار احمد نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ورکرز کا سرمایہ شفاف انداز میں انہی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ اسپتال انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا تاکہ اس ادارے کو مزید ترقی دے کر عالمی معیار کے طبی مرکز میں تبدیل کیا جا سکے۔

بعد ازاں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کا بھی دورہ کیا، جہاں جنرل مینیجر ایڈمن بریگیڈیئر (ر) عبیداللہ انوار نے ان کا استقبال کیا۔ کمپنی انتظامیہ نے ورکرز کی فلاح و بہبود، محفوظ کام کے ماحول اور ملازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ اپنے کارکنوں کی بہتری کے لیے آئندہ بھی عملی اقدامات جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ذولفقار احمد نے کہا، “ورکر خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی قیادت میں ورکرز ویلفیئر فنڈ ملک بھر کے مزدوروں کے لیے صحت، تعلیم اور فلاحی منصوبوں کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے تاکہ ہر محنت کش اور اس کے خاندان کو بہتر سے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

دورے کے اختتام پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے مختار اے شیخ اسپتال اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کے ذریعے ورکرز کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی اور محنت کش طبقے کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا یہ سفر مزید مضبوط ہوگا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا