آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب انتخابات ایک ہی روز کے بجائے تین مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔
نئے شیڈول کے مطابق 27 جولائی کو میرپور ڈویژن، 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ ووٹرز محفوظ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نئے شیڈول کے تحت انتخابی انتظامات اور سیکیورٹی پلان کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ تمام متعلقہ ادارے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں گے۔
