پنجاب پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے رائٹ مینجمنٹ پولیس (Riot Management Police – RMP) میں براہِ راست بھرتیوں کی راہ ہموار کرتے ہوئے پولیس رولز میں ترمیم کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی ترمیم کے بعد رائٹ مینجمنٹ پولیس میں پہلی مرتبہ براہِ راست بھرتیاں کی جائیں گی۔ یہ فیصلہ پنجاب پولیس، بالخصوص ضلعی پولیس اور پنجاب کانسٹیبلری میں افرادی قوت کی شدید کمی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس کو مختلف اضلاع میں نفری کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث امن و امان کی صورتحال اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اضافی اہلکاروں کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔
اطلاعات کے مطابق پولیس حکام جلد ہی رائٹ مینجمنٹ پولیس میں بھرتیوں کا باقاعدہ اشتہار جاری کریں گے، جس کے بعد امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔
تاہم محکمہ پنجاب پولیس کی جانب سے بھرتیوں کے شیڈول، آسامیوں کی تعداد، اہلیت کے معیار اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات کا باضابطہ اعلان ابھی سامنے نہیں آیا۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے پنجاب پولیس کی سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔
