پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں رکشے میں سفر کے لیے بکنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ اداکارہ کا عاجزی سے متعلق پیغام بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا، تاہم اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔
ویڈیو میں ہانیہ عامر کے ایک دوست نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ اتنی بڑی اسٹار ہونے کے باوجود کیا وہ واقعی رکشے میں سفر کرنا چاہتی ہیں؟ اس پر ہانیہ عامر نے مسکراتے ہوئے کہا، “جو شاخ جھک جاتی ہے، اس پر زیادہ پھل لگتے ہیں،” اور وضاحت کی کہ انسان کو ہمیشہ عاجزی اختیار کرنی چاہیے اور اپنی جڑوں سے جڑا رہنا چاہیے۔
اداکارہ کا یہ پیغام اگرچہ عاجزی اور انکساری کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تھا، لیکن سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے ان کے الفاظ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہاوت درست انداز میں بیان نہیں کی۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ معروف کہاوت “پھلوں سے لدی شاخ ہی جھکتی ہے” ہے، جسے مختلف انداز میں پیش کیا گیا۔
کچھ صارفین نے ہانیہ عامر کے اندازِ گفتگو اور شخصیت پر بھی تنقید کی، جبکہ چند نے ان کے لباس پر بھی تبصرے کیے۔
دوسری جانب ہانیہ عامر کے مداح ان کے دفاع میں سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ کا مقصد صرف عاجزی، سادگی اور اپنی اصل سے جڑے رہنے کا پیغام دینا تھا، اس لیے الفاظ کے بجائے ان کے پیغام کی روح کو سمجھنا چاہیے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
