وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج حکومتِ پاکستان اور پوری قوم ان بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کے امن، سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پاکستان پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ پولیس کے جوانوں نے بے مثال جرات، ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ہر مشکل کا سامنا کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی لازوال قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور ملک میں امن و امان کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ قوم اپنے ان غیور بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی بے لوث خدمات نے آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا صبر، استقامت اور حوصلہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ شہداء کے خاندانوں کی قربانیاں درحقیقت پوری قوم کی مشترکہ قربانیاں ہیں، اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت شہداء کے اہلِ خانہ کو معیاری تعلیم، بہترین طبی سہولیات، مالی معاونت اور دیگر فلاحی اقدامات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس قومی ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے اپنا عزم برقرار رکھے گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت پولیس فورس کو جدید وسائل، بہتر تربیت اور ضروری سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکے اور ملک کو دہشت گردی و جرائم سے پاک بنانے کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم قانون کی بالادستی، انصاف کے فروغ، دہشت گردی اور جرائم کے مکمل خاتمے اور اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کے شایانِ شان ایک پُرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کرتے رہیں گے۔
