بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی سیاست دان کنگنا رناوت نے چند روز قبل جین زی (Gen Z) کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد اب اسی نسل کے نوجوانوں کو “ہیپی فرینڈشپ ڈے” کا پیغام دے کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔
کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ جم کے دوران ان کی دو جین زی لڑکیوں سے ملاقات ہوئی، جن سے جدید طرزِ زندگی، سوشل میڈیا، انسٹاگرام، ڈیٹنگ ایپس اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اداکارہ کے مطابق دونوں لڑکیوں کا کہنا تھا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کی آزادی ہونی چاہیے۔ اس پر کنگنا نے جواب دیا کہ انسان یقیناً اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق رکھتا ہے، لیکن آزادی کے ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
اپنی پوسٹ میں کنگنا نے مزید لکھا کہ بعض معاملات میں جدید اور قدامت پسند طرزِ زندگی کے درمیان اختلافات اس حد تک بڑھ رہے ہیں کہ ان کے اثرات معصوم بچوں تک پہنچ رہے ہیں، جو تشویش کی بات ہے۔
کنگنا کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں جین زی لڑکیوں نے بھی اس مؤقف سے اتفاق کیا کہ آزادی اور ذمہ داری ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کا اختتام خوشگوار انداز میں کرتے ہوئے لکھا، “ہیپی فرینڈشپ ڈے، میرے جین زی دوستوں۔”
یاد رہے کہ چند روز قبل کنگنا رناوت نے بھارت میں طلبہ احتجاج کے تناظر میں بعض مظاہرین کے رویے اور زبان پر تنقید کرتے ہوئے جین زی کو “جنریشن گٹر” قرار دیا تھا، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
