اسلام آباد کے علاقے پھلگراں کی پرنس روڈ پر تقریباً 28 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی حفاظتی دیوار گزشتہ روز ہونے والی ہلکی بارش کے بعد کئی مقامات پر متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد منصوبے کے معیار اور تعمیراتی کام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق یہ حفاظتی دیوار چند ماہ قبل ہی لوکل گورنمنٹ کی جانب سے تعمیر کی گئی تھی تاکہ سڑک اور قریبی آبادی کو لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں سے محفوظ رکھا جا سکے، مگر معمولی بارش کے بعد ہی دیوار کی موجودہ حالت نے عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کروڑوں روپے کے سرکاری منصوبے پہلی ہی بارش میں کمزور پڑ جائیں تو یہ نہ صرف عوامی وسائل کے ضیاع بلکہ تعمیراتی معیار، نگرانی اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سنگین سوالیہ نشان ہے۔
اگرچہ متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال اس نقصان کی وجوہات یا کسی باضابطہ انکوائری کا اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ منصوبے کا فوری تکنیکی آڈٹ کرایا جائے، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور اگر ناقص تعمیراتی کام ثابت ہو تو سخت کارروائی کی جائے۔
غفلت کسی بھی ادارے یا فرد کی ہو، اس کا خمیازہ بالآخر معصوم عوام کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیاری تعمیر اور مؤثر نگرانی ہی عوام کے جان و مال اور قومی وسائل کے تحفظ کی ضمانت بن سکتی ہے۔
