پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلان کردہ ملک گیر ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ہڑتال کے اثرات مزید وسیع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج اور ہڑتال ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کا شعبہ بلکہ پوری معیشت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو رہی ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپ مالکان اور پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کی صورت میں گڈز ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوگی، جس سے ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور سپلائی چین بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یکطرفہ فیصلوں کے بجائے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر پالیسی مرتب کرے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کر رہیں، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری شدید مالی دباؤ کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے بروقت مذاکرات اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو ہڑتال کے اثرات پورے ملک میں محسوس کیے جائیں گے۔
