پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صائمہ نور ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنی شاندار فٹنس اور جوان نظر آنے والی شخصیت کی بدولت توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں 58 سالہ صائمہ نور کو جم میں اسکواٹس، کیٹل بیل سوئنگز اور دیگر سخت ورزشیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی جسمانی چستی، طاقت اور توانائی نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
وائرل ہونے والی دیگر ویڈیوز میں اداکارہ ایک سیلون کے دورے کے دوران بھی نظر آئیں، جہاں ان کے وزن میں نمایاں کمی اور فٹ شخصیت کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔
مداحوں نے صائمہ نور کو “ایور گرین” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اپنی خوبصورتی، فٹنس اور اعتماد سے نئی نسل کی اداکاراؤں کو ٹکر دیتی ہیں۔ بعض صارفین نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ان کی ویڈیوز اتنی متاثر کن ہیں کہ پہلی نظر میں مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ محسوس ہوتی ہیں۔
اسی دوران صائمہ نور کے پرانے انٹرویوز بھی دوبارہ وائرل ہو گئے، جن میں انہوں نے اپنی صحت مند زندگی کے راز سے پردہ اٹھایا تھا۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ ایک وقت ایسا آیا جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کا وزن بڑھ رہا ہے، جس کے بعد انہوں نے اپنی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا۔
صائمہ نور کے مطابق وہ کسی سخت یا پیچیدہ ڈائٹ پلان پر عمل نہیں کرتیں بلکہ متوازن غذا مناسب مقدار میں کھاتی ہیں اور انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ (Intermittent Fasting) کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باقاعدہ ورزش، ذہنی سکون، مناسب نیند اور نظم و ضبط پر مبنی طرزِ زندگی نے نہ صرف انہیں جسمانی طور پر فٹ رکھا بلکہ بھرپور توانائی اور تازگی بھی عطا کی۔
صائمہ نور کی فٹنس ٹرانسفارمیشن کو مداح صحت مند طرزِ زندگی کی ایک مثبت مثال قرار دے رہے ہیں۔
