پاکستان اور تاجکستان تعلیم، تجارت اور میڈیا کے شعبوں میں تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے: تاجک سفیر یوسف شریف زادہ

0
2

اسلام آباد: پاکستان میں جمہوریہ تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعلیم، تجارت، سیاحت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھول رہا ہے، جبکہ میڈیا اور عوامی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان۔تاجکستان ایجوکیشنل اینڈ میڈیا کنسلٹنسی آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے نئے کنسلٹنسی آفس کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کنسلٹنسی آفس تاجکستان کی معروف ابن سینا تاجک اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی سمیت دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلبہ و طالبات کو داخلوں، تعلیمی رہنمائی اور مشاورت فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون، صحافتی روابط اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے مرکزی چیئرمین محمد صدیق انظر، میڈیا ورکرز آرگنائزیشن کے صدر کلیم شمیم، پی ایف یو جے کے مرکزی سیکرٹری جنرل شکیل احمد، آر آئی یو جے کے صدر طارق عثمانی، سینئر صحافی تزین اختر، گلزار گیلانی، محمد شیراز، ملک منیر احمد، صوبیہ خان، مہوش ممتاز بیگ، عمران اشرف سمیت صحافتی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تاجک سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن معروف عبدالرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

معروف کاروباری شخصیات الحاج چوہدری عبدالرحمان، محمد آصف نور اور محمد خان نے بھی تقریب میں شرکت کی اور تاجک سفیر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔

اپنے خطاب میں سفیر یوسف شریف زادہ نے کہا کہ تاجکستان پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابن سینا تاجک اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی خطے کے قدیم اور ممتاز طبی تعلیمی اداروں میں شامل ہے، جہاں مختلف ممالک سے آنے والے طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور تاجکستان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جنہیں تعلیم، تجارت، سیاحت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجک سفارت خانہ دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

تقریب کے دوران صحافیوں نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیمی روابط اور میڈیا تعاون سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے جواب میں سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کے بے شمار امکانات موجود ہیں اور نجی شعبہ، تعلیمی ادارے اور میڈیا ان تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تقریب کے شرکاء نے پاکستان۔تاجکستان ایجوکیشنل اینڈ میڈیا کنسلٹنسی آفس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانی طلبہ کو مستند معلومات، شفاف داخلہ نظام اور بہتر تعلیمی رہنمائی میسر آئے گی، جبکہ میڈیا کنسلٹنسی کے ذریعے دونوں ممالک کے صحافیوں اور میڈیا اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا