ورکرز کے مسائل کا ترجیحی حل، جدید ہاؤسنگ کالونی اور شفاف فلاحی نظام ہماری ترجیح ہے: سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد

0
1

ماچھی گوٹھ، صادق آباد: سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ، ذوالفقار احمد نے ماچھی گوٹھ، صادق آباد میں منعقدہ ایف ایف سی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محنت کشوں کے مسائل کے فوری حل، جدید رہائشی کالونی کے قیام اور شفاف فلاحی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

کنونشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت پر یونین عہدیداران اور ورکرز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ محنت کشوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کر کے اپنے مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔

اپنے خطاب میں ذوالفقار احمد نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین اور وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کی ہدایات پر ورکرز کے مسائل براہِ راست سننے اور ان کے حل کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محنت کشوں کو درپیش تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت محنت کشوں کے لیے جدید طرز کی اسٹیٹ آف دی آرٹ ہاؤسنگ کالونی قائم کی جائے گی تاکہ انہیں باوقار، محفوظ اور معیاری رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ذوالفقار احمد نے کہا، “ورکرز کے بچے ہمارے اپنے بچوں کی طرح ہیں۔ ان کی معیاری تعلیم، بہتر صحت اور مناسب رہائش ہماری اولین ذمہ داری ہے۔” انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے محنت کشوں کی فلاح کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کی ماضی میں مثال کم ہی ملتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے وژن کے مطابق ورکرز اور ان کے اہلِ خانہ کو بہترین تعلیمی، طبی، رہائشی اور دیگر فلاحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ادارے میں شفافیت، میرٹ، جوابدہی اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فلاحی منصوبوں اور سہولیات کی فراہمی شفاف نظام کے تحت یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ ہر مستحق محنت کش بلاامتیاز اپنے حق سے مستفید ہو سکے اور ادارے پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔

اس موقع پر سی بی اے یونین ایف ایف سی کے صدر ناصر باجوہ نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ورکرز کی فلاح کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامیہ محنت کشوں کے مسائل کے حل، شفافیت کے فروغ اور فلاحی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

کنونشن کے اختتام پر سی بی اے یونین کی جانب سے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد اور ان کی ٹیم کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ورکرز نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محنت کشوں کی فلاح، صنعتی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے حکومت کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا