راولپنڈی ڈولفن فورس کی بروقت کارروائی، تھیلے میں بند بلی کو بحفاظت ریسکیو کر کے آزاد کر دیا

0
1

راولپنڈی میں پنجاب پولیس کی ڈولفن فورس نے گشت کے دوران انسانی ہمدردی کی ایک قابلِ تعریف مثال قائم کرتے ہوئے ایک تھیلے میں بند بلی کو بحفاظت ریسکیو کر کے آزاد کر دیا۔

پولیس کے مطابق ڈولفن فورس معمول کی پٹرولنگ پر تھی کہ اہلکاروں کو ایک مشکوک تھیلا نظر آیا۔ قریب جا کر معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ تھیلے کے اندر ایک زندہ بلی بند ہے۔ اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھیلا کھولا، بلی کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا اور مناسب جگہ پر آزاد کر دیا۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی ذمہ داری صرف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی تک محدود نہیں بلکہ انسانوں کے ساتھ ساتھ بے زبان جانوروں کی حفاظت بھی پیشہ ورانہ فرائض کا حصہ ہے۔ اسی جذبے کے تحت ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بے زبان جان کی جان بچائی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈولفن فورس روزانہ کی بنیاد پر گشت، جرائم کی روک تھام، شہریوں کی مدد، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جانوروں سے متعلق ہنگامی صورتحال میں بھی جہاں ممکن ہو، فوری امداد فراہم کی جاتی ہے۔

اس واقعے کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے، جہاں شہریوں نے ڈولفن فورس کی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا