رانی مکھرجی پیدائش کے وقت غلط خاندان میں پہنچ گئی تھیں؟ والدہ نے آنکھوں کے رنگ سے اپنی بیٹی پہچان لی

0
1

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے اپنے بچپن سے جڑا ایک دلچسپ اور حیران کن واقعہ شیئر کیا ہے، جس کے مطابق پیدائش کے فوراً بعد وہ غلطی سے ایک پنجابی خاندان کے پاس پہنچ گئی تھیں، جبکہ اس خاندان کی نومولود بچی رانی کی والدہ کے پاس پہنچ گئی تھی۔

رانی مکھرجی نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ اسپتال میں نومولود بچوں کو معمول کے طبی معائنے کے لیے لے جایا جاتا تھا اور ان کی شناخت کے لیے ٹیگز بھی لگائے جاتے تھے۔ اسی دوران مبینہ طور پر بچوں کی تبدیلی ہوگئی اور رانی غلطی سے ایک پنجابی خاندان کے پاس چلی گئیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ کرشنا مکھرجی نے جب نومولود بچی کو دیکھا تو انہیں فوراً احساس ہوگیا کہ یہ ان کی بیٹی نہیں ہے۔ انہوں نے بچی کی آنکھوں کے رنگ کو دیکھتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی کی آنکھیں بھوری ہیں، اس لیے یہ بچی ان کی نہیں۔

رانی کے بقول ان کی والدہ نے اسپتال کے عملے سے اپنی بیٹی تلاش کرنے کا مطالبہ کیا، جس کے بعد معلوم ہوا کہ رانی ایک پنجابی خاندان کے پاس موجود ہیں، جہاں اس وقت خاندان کی آٹھویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

اداکارہ نے بتایا کہ بعد میں اس خاندان کے افراد اس واقعے کو مزاحیہ انداز میں یاد کرتے ہوئے انہیں کہتے رہے کہ وہ دراصل پنجابی ہیں اور غلطی سے مکھرجی خاندان میں پہنچ گئی تھیں۔

رانی مکھرجی 21 مارچ 1978 کو فلمساز اور ہدایتکار رام مکھرجی اور کرشنا مکھرجی کے گھر پیدا ہوئی تھیں۔ ان کا تعلق بالی ووڈ کے معروف مکھرجی خاندان سے ہے اور وہ کئی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث بھارتی سنیما کی نمایاں اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا