حکومتِ پاکستان نے غیر ملکی میڈیا نمائندوں کے لیے فارن میڈیا فیسلیٹیشن گائیڈ لائنز 2026 جاری کر دی ہیں، جن کا مقصد غیر ملکی صحافیوں کی رجسٹریشن، پریس ایکریڈیٹیشن اور مختلف شہروں میں نیوز کوریج کے طریقہ کار کو مزید منظم اور شفاف بنانا ہے۔
نئی گائیڈ لائنز کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے علاوہ پاکستان کے کسی بھی شہر میں رپورٹنگ، انٹرویوز، ڈاکیومنٹری، فیچر اسٹوری یا نیوز کوریج کے لیے غیر ملکی صحافیوں کو وزارتِ اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی (EP) ونگ سے پیشگی نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) حاصل کرنا ہوگا۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق یہ پالیسی تمام غیر ملکی نیوز اداروں، بین الاقوامی ٹی وی چینلز، اخبارات، نیوز ایجنسیوں، فری لانسر صحافیوں، فکسرز، پروڈیوسرز، کیمرہ پرسنز اور دیگر معاون عملے پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔
گائیڈ لائنز کے تحت تمام متعلقہ افراد کو وزارتِ اطلاعات کے آن لائن پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کرانا ہوگی، جس کے بعد انہیں مستقل یا عارضی پریس ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیا جائے گا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری تقریبات، سرکاری عمارتوں، وزارتوں، پریس بریفنگز اور دیگر سرکاری مقامات پر رسائی کے لیے ایکریڈیٹیشن کارڈ ہمراہ رکھنا لازمی ہوگا، جبکہ متعلقہ حکام ضرورت پڑنے پر اس کی جانچ بھی کر سکیں گے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد رجسٹریشن کارڈ سات ورکنگ دنوں کے اندر جاری کیا جائے گا، جبکہ پریس ایکریڈیٹیشن کارڈ چار سے چھ ہفتوں میں فراہم کیا جا سکے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی گائیڈ لائنز کا مقصد غیر ملکی میڈیا کے لیے ایک واضح اور منظم فریم ورک فراہم کرنا، سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے کو آسان بنانا اور رپورٹنگ کے عمل کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
