چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے تین الگ الگ اجلاسوں کے بعد سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری، توسیع اور مستقلی سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سے متعلق اجلاس میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا گیا، جس کے بعد سریش کمار، شاہنواز میمن اور ہمایوں خان کو ایڈیشنل جج مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج خالد حسین شہانی کی مدتِ ملازمت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی، جبکہ ایڈیشنل جج سید فیاض الحسن شاہ کو مستقل جج بنانے کی منظوری نہیں دی گئی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں بھی تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے جوڈیشل کمیشن نے تین نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی، جن میں شاہ رخ ارجمند، ایاز شوکت اور عمیر مجید ملک شامل ہیں۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ کے چار ایڈیشنل ججز کو مستقل جج بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ ان میں جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ، جسٹس ثابت اللہ اور جسٹس اورنگزیب شامل ہیں۔
جوڈیشل کمیشن کے یہ فیصلے متعلقہ ہائیکورٹس میں عدالتی امور کو مزید مؤثر انداز میں چلانے اور ججز کی دستیاب تعداد کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
