صوابی/سوات: بلوچستان کے سورینج کول مائن میں پیش آنے والے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے خاندانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں فوری مالی مدد فراہم کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے صوابی کے علاقے جھنڈا اسلام پورہ اور سوات کی تحصیل کبل کے علاقے ٹال دردیال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں مزدوروں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔
ذوالفقار احمد نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے دونوں شہداء کے خاندانوں کو 10، 10 لاکھ روپے کے امدادی چیکس بھی دیے گئے۔
یہ مالی معاونت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حادثے نے دو خاندانوں سے ان کے کفیل چھین لیے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اگرچہ مالی امداد کسی عزیز کی کمی پوری نہیں کر سکتی، تاہم متاثرہ خاندانوں کو فوری سہارا فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مطابق بلوچستان میں کان کنی کے دوران پیش آنے والے حادثات سے متاثرہ دیگر خاندانوں کی بھی مدد کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل شانگلہ اور الپوری کے 32 متاثرہ خاندانوں کو بھی فی خاندان 10 لاکھ روپے کے امدادی چیکس فراہم کیے جا چکے ہیں۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے کہا کہ مزدوروں کا دکھ دراصل پورے معاشرے کا دکھ ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں ورکرز ویلفیئر فنڈ محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں، تاہم حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
ذوالفقار احمد نے خاص طور پر شہداء کے بچوں کے حوالے سے کہا کہ “شہداء کے بچے ہمارے اپنے بچے ہیں، یہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے بچے ہیں۔” انہوں نے یقین دلایا کہ بچوں کی تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ اپنے والدین سے محروم ہونے والے بچوں کا مستقبل متاثر نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی ہدایات کے تحت محنت کش طبقے کی فلاح، ان کے حقوق کا تحفظ اور مشکل حالات میں فوری امداد حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مزدور ملک کی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور فلاح ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر مزدور تنظیموں کے نمائندوں اور شہداء کے لواحقین نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد مختصر وقت میں متاثرہ خاندانوں تک پہنچنا اور مالی امداد فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔
لواحقین نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور ورکرز ویلفیئر فنڈ مستقبل میں بھی شہداء کے خاندانوں خصوصاً ان کے بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات کے حوالے سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے پیاروں کی قربانی کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے بچوں کے بہتر مستقبل اور خاندانوں کی فلاح کے لیے ممکنہ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
