وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے شہر بھر کی صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کی خدمات نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے تقریباً 16 ارب روپے مالیت کے چار سالہ منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔
مالی بولیاں کھولنے کے بعد ترک کمپنی اٹلس پاک ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہری اور دیہی دونوں پیکجز میں سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کے طور پر سامنے آئی ہے، جس کے باعث معاہدہ حاصل کرنے کی دوڑ میں اسے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کے تحت اسلام آباد کے ہر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے گا، اسے راولپنڈی کی لوسر لینڈ فل سائٹ منتقل کیا جائے گا، جبکہ شہر بھر میں جدید اور جامع صفائی کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ وفاقی دارالحکومت کو صاف ستھرا اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔
تاہم ترک کمپنی کو معاہدہ فوری طور پر نہیں دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کامیاب بولی کو حتمی منظوری سے قبل منصوبے کے کنسلٹنٹ کی جانب سے تکنیکی اور مالی جانچ کے عمل سے گزرنا ہوگا، جس کے بعد باضابطہ طور پر ٹھیکہ دیا جائے گا۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد اسلام آباد میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا، جدید ویسٹ مینجمنٹ نظام متعارف کرانا اور شہریوں کو زیادہ مؤثر اور منظم صفائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
