وفاقی وزارتِ داخلہ نے ٹنٹڈ گلاسز پرمٹ پالیسی 2025 میں اہم ترامیم منظور کر لی ہیں، جن کے تحت اب موجودہ اور سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو گاڑیوں کے کالے شیشوں کے پرمٹ بغیر کسی فیس کے جاری کیے جائیں گے۔
ترمیم شدہ پالیسی کے مطابق عام شہریوں کے لیے گاڑی کے شیشے ٹنٹ کرانے کے پرمٹ کی سالانہ فیس 15 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ تاہم موجودہ اور سابق سینیٹرز اور اراکینِ قومی اسمبلی کو اس فیس سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے انہیں ٹنٹڈ گلاس پرمٹ مفت فراہم کیا جائے گا۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی سفارشات کی روشنی میں کی گئی ہیں، جن کا مقصد ٹنٹڈ گلاسز کے پرمٹ کے اجرا کے طریقہ کار کو مزید واضح اور منظم بنانا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت ارکانِ پارلیمنٹ کو دی جانے والی اس خصوصی رعایت نے عوامی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک طرف اسے منتخب نمائندوں کے لیے سہولت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب بعض حلقے سوال اٹھا رہے ہیں کہ جب عام شہریوں سے سالانہ فیس وصول کی جائے گی تو موجودہ اور سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو یہ پرمٹ مفت دینے کی بنیاد کیا ہے۔
