آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے غیر سرکاری اور ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آ رہی ہے۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے جبکہ مزید 3 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی اب تک 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے جبکہ 4 حلقوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ ایک حلقے میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
حلقہ LA-25 میں مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر 10,458 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ LA-26 میں پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید 10,693 ووٹوں کے ساتھ برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
LA-27 میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے، جبکہ LA-28 میں پیپلز پارٹی کے بازل علی نقوی 19,358 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں۔ LA-29 میں پیپلز پارٹی کے سردار مختار 19,792 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے مصطفیٰ بشیر عباسی (LA-30)، راجہ محمد فاروق حیدر (LA-32)، چوہدری محمد اسماعیل (LA-35)، محمد احسن رضا (LA-36)، مریم جاوید (LA-37)، ذیشان علی (LA-38)، راجہ محمد صدیق (LA-39)، محمد عامر شاہ (LA-41)، سید شوکت علی شاہ (LA-42)، محمد یاسین لون (LA-43) اور محمد احمد رضا قادری (LA-44) کامیاب ہو چکے ہیں، جبکہ ثاقب مجید راجہ (LA-31) اور ناصر حسین ڈار (LA-34) اپنی اپنی نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔
ادھر پیپلز پارٹی کے دیوان علی خان چغتائی (LA-33) اور عامر عبدالغفار (LA-40) بھی اپنے حلقوں میں آگے ہیں، جبکہ عبدالماجد خان (LA-45) کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) واضح برتری کے ساتھ حکومت سازی کی مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے، تاہم حتمی نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے کیا جائے گا۔
