طویل انتظار کے بعد مقبول ویب سیریز ’مرزا پور‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی، فلم ’مرزا پور: دی مووی‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس میں کالین بھیا، منا بھیا اور گڈو پنڈت ایک بار پھر مرزا پور کے تخت کے لیے آمنے سامنے ہیں۔
ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی وہیں سے آگے بڑھ رہی ہے جہاں ’مرزا پور‘ کی دنیا نے شائقین کو چھوڑا تھا، تاہم اس بار کہانی کو بڑے پردے پر مزید بڑے پیمانے پر پیش کیا گیا ہے، جہاں طاقت، انتقام، سازش اور خونریز تصادم ایک بار پھر مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔
پنکج ترپاٹھی ایک بار پھر کالین بھیا کے روپ میں مرزا پور کی گدی پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب منا بھیا بھی اقتدار کی جنگ میں اپنا حصہ لینے کے لیے میدان میں موجود ہیں، جبکہ علی فضل کا گڈو پنڈت مرزا پور کے تخت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنتا دکھائی دے رہا ہے۔
ٹریلر میں پرانے کرداروں کی دشمنی کے ساتھ نئی صف بندیوں، خطرناک سازشوں اور طاقت کے حصول کے لیے ہونے والی رسہ کشی کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔ یعنی مرزا پور کی دنیا میں سکون کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
فلم میں نئی کاسٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن میں روی کشن نمایاں کردار میں نظر آئیں گے۔ جتیندر کمار ببلو کے کردار میں دکھائی دیں گے اور اس کردار میں وہ وکرانت میسی کی جگہ لے رہے ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ مرزا پور کی گدی آخر کس کے ہاتھ آتی ہے، کالین بھیا، منا بھیا یا پھر گڈو پنڈت؟
’مرزا پور: دی مووی‘ 4 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
