ایلون مسک کی دولت میں ایک سال میں 320 ارب ڈالر کا حیران کن اضافہ

0
2

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے صرف ایک سال کے دوران اپنی دولت میں 320 ارب ڈالر کا اضافہ کر لیا، یعنی ان کی دولت میں اوسطاً ہر روز تقریباً 87 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

مالیاتی تجزیہ کرنے والے ادارے بیسٹ بروکرز کی رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار فوربز کی ریئل ٹائم ارب پتی فہرست کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔ محققین نے 27 جولائی 2025 اور 27 جولائی 2026 کو ایلون مسک سمیت دنیا کے امیر ترین افراد کی اندازاً دولت کا موازنہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں آنے والی تیزی نے ٹیکنالوجی سے وابستہ ارب پتی افراد کی دولت میں غیر معمولی اضافہ کیا۔

ایلون مسک کے بعد سب سے زیادہ دولت ڈیل ٹیکنالوجیز کے بانی مائیکل ڈیل نے کمائی، جن کی دولت میں اسی عرصے کے دوران 107.6 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

مصنوعی ذہانت کی تیزی نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی ڈیپ سیک کے بانی لیانگ وین فینگ کی دولت میں بھی غیر معمولی اضافہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ان کی دولت 2025 میں تقریباً ایک ارب ڈالر سے بڑھ کر 2026 میں 39.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، یعنی ایک سال میں تقریباً 3,850 فیصد اضافہ۔

رپورٹ کے مطابق ایلون مسک مئی 2024 سے دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور 2021 میں پہلی مرتبہ فوربز کی ارب پتی فہرست میں شامل ہونے کے بعد سے ان کی دولت میں مسلسل بڑے اتار چڑھاؤ اور نئے ریکارڈ دیکھنے میں آتے رہے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ یکم جون کو اسپیس ایکس کے حصص کی عوامی فروخت کے بعد مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بن گئے تھے، تاہم بعد میں حصص کی قیمت میں نمایاں کمی کے باعث وہ یہ اعزاز برقرار نہ رکھ سکے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت ان کی اندازاً دولت 690 ارب ڈالر ہے۔

ایلون مسک کا تعلق جنوبی افریقا سے ہے اور وہ 18 سال کی عمر سے پہلے کینیڈا منتقل ہوگئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے مختلف ملازمتیں کیں اور یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے معاشیات میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا