سلمان اکرم راجہ کا دعویٰ، بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالجین تک رسائی نہ ملنے پر حکومت پر سخت تنقید

0
2

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالجین تک رسائی نہ دیے جانے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرزِ عمل سے عوام میں بے چینی اور غصہ بڑھ رہا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی قوم کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے جیسے انہیں ’’کیڑے مکوڑے‘‘ اور ’’کاکروچ‘‘ سمجھا جا رہا ہو، جبکہ دوسری جانب یہ کہا جا رہا ہے کہ ان کا لیڈر جیل میں ہے اور اس تک ڈاکٹرز کو بھی رسائی نہیں دی جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو ملاقات کی اجازت نہ دینا عوام کو دانستہ طور پر طیش دلانے کے مترادف ہے، جس سے ملک میں پہلے سے موجود بے یقینی مزید بڑھ رہی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی کی طبیعت خراب ہوئی تھی، تاہم اب ان کی صحت میں بہتری کی اطلاعات ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کا عارضہ بھی لاحق ہے، اس لیے ان کے ذاتی معالجین کو فوری طور پر طبی معائنے اور ضروری مشاورت کی اجازت دی جانی چاہیے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر سے متعلق بھی تصدیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر ذاتی معالجین جیل سے باہر آکر کوئی سیاسی گفتگو نہیں کرتے اور صرف طبی معاملات دیکھتے ہیں تو پھر انہیں اپنے مریض تک رسائی دینے میں رکاوٹ کیوں ہے؟

سلمان اکرم راجہ نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تمام خدشات دور کرنے کے لیے ان کے ذاتی معالجین کو رسائی دی جائے اور طبی معاملات میں شفافیت برقرار رکھی جائے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا