8 سال بعد پریتی زنٹا کا بڑا انکشاف، فلموں سے اچانک دوری کی اصل وجہ سامنے آگئی

0
2

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے طویل آٹھ سال بعد فلمی دنیا میں واپسی سے قبل اپنی خاموشی توڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر فلموں سے دوری اختیار کی تھی کیونکہ ان کی پہلی ترجیح اپنے خاندان اور بچوں کی پرورش تھی۔

پریتی زنٹا جلد ہدایت کار راج کمار سنتوشی کی فلم “بٹوارہ 1947” کے ذریعے ایک بار پھر بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔ فلم کی ریلیز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے طویل وقفے اور دوبارہ اداکاری کے تجربے پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ آٹھ برس بعد کیمرے کے سامنے آنا ان کے لیے آسان نہیں تھا بلکہ وہ پہلے روز خاصی گھبراہٹ کا شکار تھیں۔ ان کے مطابق ہدایت کار راج کمار سنتوشی نے شوٹنگ کے پہلے ہی دن فلم کا سب سے مشکل منظر ان کے سپرد کر دیا۔

پریتی زنٹا نے کہا کہ اس موقع پر ان کے ساتھی اداکار سنی دیول نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ ماحول کو خوشگوار بنانے کی بھی کوشش کی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ سنی دیول نے کہا، “فکر نہ کرو، ڈائریکٹر کو ری ٹیک لینے کا شوق ہے، سب ٹھیک ہو جائے گا”، جس سے ان کا اعتماد بحال ہوا۔

اداکارہ کے مطابق پوری رات شوٹنگ کے بعد جب مشکل منظر کامیابی سے مکمل ہوا تو انہیں دوبارہ اداکاری پر اعتماد حاصل ہوگیا۔

پریتی زنٹا نے واضح کیا کہ فلموں سے دور رہنے کے باوجود انہیں کبھی واپسی کی بے چینی محسوس نہیں ہوئی کیونکہ وہ اپنی گھریلو زندگی سے مطمئن تھیں اور اپنے بچوں کی پرورش کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتی تھیں۔

یاد رہے کہ پریتی زنٹا کی آخری فلم “بھیا جی سپر ہٹ” 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔ نئی فلم “بٹوارہ 1947” میں ان کے ساتھ سنی دیول، شبانہ اعظمی، کرن دیول، علی فضل، ابھیمنیو سنگھ، خوشی ہجارے اور کنیکا کپور بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا