فٹبال میچ اچانک ماتم میں بدل گیا، سیمی فائنل کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی

0
1

بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک مقامی فٹبال ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل اس وقت المناک حادثے میں تبدیل ہو گیا جب میچ کے دوران اچانک آسمانی بجلی میدان میں گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک کھلاڑی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔

یہ افسوسناک واقعہ 4 اگست کی شام تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے ناراتھیوات کے علاقے سنگائی کولوک میں واقع سنتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے سیمی فائنل کے دوران پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں کھیل رہے تھے کہ اچانک آسمان سے بجلی زمین پر گری اور ایک تھائی کھلاڑی براہِ راست اس کی زد میں آ گیا۔ شدید جھٹکے کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حادثے میں ایک ملائیشین کھلاڑی سمیت مجموعی طور پر 12 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعض زخمیوں کو معمولی جبکہ چند کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئیں۔

واقعے کے فوراً بعد میچ منسوخ کر دیا گیا اور اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور کھلاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ اسی لیے دنیا بھر کی کھیلوں کی تنظیمیں خراب موسم میں فوری طور پر میچ روکنے اور کھلاڑیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کرتی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا