اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کا آخری مکمل سورج گرہن 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب وقوع پذیر ہوگا، تاہم یہ فلکیاتی مظہر پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا آغاز 12 اگست کی رات 8 بج کر 34 منٹ (پاکستانی وقت) پر ہوگا، جبکہ رات 10 بج کر 46 منٹ پر یہ اپنے عروج پر پہنچے گا۔ سورج گرہن کا اختتام 13 اگست کی رات 12 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اس بار گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور روس کے بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن دیکھا جا سکے گا، جبکہ یورپ، افریقہ اور شمالی امریکا کے متعدد علاقوں میں جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ کے بعض علاقوں میں تقریباً تین دہائیوں بعد مکمل سورج گرہن دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، جس کے باعث دنیا بھر کے ماہرین فلکیات اور شوقین افراد اس نایاب فلکیاتی منظر کے منتظر ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 28 اگست کو جزوی چاند گرہن بھی ہوگا، تاہم یہ فلکیاتی مظہر بھی پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔
ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ جہاں سورج گرہن نظر آئے، وہاں اسے براہِ راست آنکھ سے دیکھنے کے بجائے خصوصی سولر فلٹر یا گرہن دیکھنے کے منظور شدہ چشمے استعمال کیے جائیں، کیونکہ بغیر حفاظتی عینک کے سورج کو دیکھنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
