چین میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے کئی علاقوں کو شدید سیلاب کی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث حکام نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
چینی میڈیا کے مطابق حالیہ شدید بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں لوونان، ٹونگوان اور بائہی کاؤنٹیاں شامل ہیں، جہاں کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 49 ہزار 925 گھرانوں کے 115 ہزار 756 افراد کو خطرناک علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تاکہ کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب شمالی شانشی، مغربی گوانژونگ اور مغربی جنوبی شانسی کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم کئی مقامات پر بارش کی شدت غیر معمولی رہی، جس نے سیلابی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔
لوونان کے شپو اسٹیشن پر سب سے زیادہ 136.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں ہانجیانگ، ویہی، ڈانجیانگ اور ییلو دریا میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوگئی اور متعدد مقامات پر سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔
حکام کے مطابق 28 دریاؤں اور 40 ہائیڈرولوجیکل اسٹیشنوں پر مجموعی طور پر 47 سیلابی واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
