8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال، گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن بھی میدان میں آگئی

0
1

اسلام آباد: ملک میں ٹرانسپورٹ شعبے کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل نے ٹرانسپورٹ کا کاروبار شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ بدلتی قیمتوں کے ساتھ کرایوں اور اخراجات کا توازن برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے حکومت پر ٹرانسپورٹرز پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ٹول ٹیکس میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو 7 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کیا جائے اور ٹول ٹیکس کو 2024 کی سطح پر واپس لایا جائے۔

عہدیداران نے شکایت کی کہ اگر کسی گاڑی میں غیر کسٹم شدہ سامان کا صرف ایک کارٹن بھی موجود ہو تو پوری گاڑی ضبط کرنے کی کارروائی کی جاتی ہے، جبکہ پہلے ایسے معاملات میں جرمانہ وصول کرکے گاڑی چھوڑ دی جاتی تھی۔ ان کے مطابق موجودہ پالیسی سے ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوورلوڈنگ کی روک تھام فیکٹریوں اور لوڈنگ پوائنٹس پر ہونی چاہیے، لیکن اس کے برعکس سڑکوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل (HTV) لائسنس کے حصول کے لیے بھی ڈرائیورز کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا ہے۔

ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی تو 8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی، جس سے ٹرانسپورٹ اور سپلائی کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفد کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے جاوید اکبر ریاض سے ملاقات کی۔ ملاقات میں موٹروے پولیس کی جانب سے جرمانوں، ایکسل لوڈ قوانین اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق موٹروے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایکسل لوڈ قوانین پر یکساں اور منصفانہ انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 8 اگست کو اعلان کردہ ملک گیر پرامن ہڑتال بدستور برقرار رہے گی، اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا