پمز میں جعلی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کا اسکینڈل بے نقاب، ایف آئی اے کا ٹریپ ریڈ، ڈاکٹر سمیت 3 افراد گرفتار

0
2

اسلام آباد: فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے پمز ہسپتال میں مبینہ طور پر جعلی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس (ایم ایل سی) جاری کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے پر مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد عدالتی مجسٹریٹ کی نگرانی میں پمز ہسپتال میں ٹریپ ریڈ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایف آئی اے کے ایک اہلکار کو سائل بنا کر ملزمان سے رابطہ کروایا گیا، جس نے جعلی ایم ایل سی کے حصول کے لیے بطور ایڈوانس رنگی ہوئی کرنسی ادا کی۔ رشوت کی رقم وصول کرتے ہی ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد عثمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ محمد عثمان، جو میڈیکو لیگل آفس میں ایل ڈی سی تعینات تھا، کی نشاندہی پر پمز کی ایک میڈیکو لیگل آفیسر اور وارڈ بوائے رمیز اختر کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر رشوت کے عوض جعلی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس جاری کرتے تھے، جنہیں اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں جھوٹے مقدمات کے اندراج کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ بعض کیسز میں جہاں جسم پر کوئی زخم موجود نہیں ہوتا تھا، وہاں مبینہ طور پر معمولی چیرا لگا کر ٹانکے لگائے جاتے اور بعد ازاں اسی بنیاد پر جعلی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ تیار کیا جاتا تھا۔

ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران مبینہ جعلی ایم ایل سی کا پرانا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا، جبکہ ملزمان کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ سے مبینہ طور پر اہم چیٹس اور بینک ٹرانزیکشنز بھی سامنے آئی ہیں، جنہیں تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 420، 468، 471، 109 اور پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں دونوں مرد ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا، جبکہ خاتون میڈیکو لیگل آفیسر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اس مبینہ نیٹ ورک میں مزید افراد تو شامل نہیں تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا