عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی ہاف ٹائم تقریب میں اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور ایک بار پھر اپنی آواز، توانائی اور دلکش انداز سے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
شکیرا نے ہاف ٹائم شو میں نائجیرین گلوکار برنا بوائے کے ساتھ مشترکہ پرفارمنس پیش کی، جبکہ وہ معروف فیشن ڈیزائنر روبرٹو کاوالی کے خصوصی تیار کردہ اور سوارووسکی کرسٹلز سے مزین باڈی سوٹ میں اسٹیج پر جلوہ گر ہوئیں۔
پرفارمنس کے بعد شکیرا کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں، جہاں مداحوں نے نہ صرف ان کی پرفارمنس بلکہ ان کی فٹنس، خوبصورتی اور توانائی کی بھی بھرپور تعریف کی۔
کئی صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 49 سال کی عمر میں بھی شکیرا انتہائی جوان، پرکشش اور پُراعتماد دکھائی دیتی ہیں۔ بعض مداحوں نے انہیں “ایج لیس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی شخصیت مزید نکھرتی جا رہی ہے۔
ورلڈ کپ کی رنگا رنگ تقریب کے بعد شکیرا نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں، برنا بوائے، Ghetto Kids اور اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یادگار لمحے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔
یاد رہے کہ شکیرا اس سے قبل بھی 2006، 2010 اور 2014 کے فیفا ورلڈ کپ کی تقریبات میں اپنی یادگار پرفارمنس پیش کر چکی ہیں۔ اس بار بھی ان کی اسٹیج پرفارمنس تقریب کی نمایاں جھلکیوں میں شامل رہی، جہاں میڈونا، بی ٹی ایس، جسٹن بیبر اور دیگر عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
