وفاقی حکومت ملک میں توانائی کے بہتر استعمال اور انتظامی اخراجات میں کمی کے لیے ایک بار پھر اہم انتظامی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہفتے میں تین تعطیلات، ورک فرام ہوم پالیسی کے جزوی نفاذ اور مارکیٹوں کے اوقاتِ کار محدود کرنے سمیت متعدد تجاویز زیرِ غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی مشاورت سے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جن کا مقصد بجلی اور ایندھن کی کھپت میں کمی لانا اور سرکاری و نجی شعبے میں توانائی کی بچت کو فروغ دینا ہے۔
زیرِ غور تجاویز میں بعض سرکاری دفاتر کے لیے ہفتہ وار تین چھٹیوں کا ماڈل، منتخب اداروں میں ورک فرام ہوم کی سہولت اور کاروباری مراکز و مارکیٹوں کے اوقاتِ کار محدود کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق ان تجاویز پر حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے ان اقدامات کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی فیصلے سے قبل تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کی جائے گی تاکہ عوام، کاروباری برادری اور سرکاری اداروں پر ممکنہ اثرات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
