بہاولنگر میں ریونیو انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے تحصیل بہاولنگر کے 20 پٹواریوں کے فوری تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبادلے “مفادِ عامہ” کے تحت فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف ریونیو سرکلز اور مواضعات میں تعینات پٹواریوں کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، جبکہ متعدد افسران کو اضافی چارج بھی دیا گیا ہے تاکہ ریونیو امور کی انجام دہی میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔
احکامات کے مطابق وقار احمد کو سٹی بہاولنگر اور اسلام پورہ سے تبدیل کرکے مری میاں صاحب ون، قاضی احمد ظفر کو چغتہ آرائیں، کوٹ غلام محمد شاہ سے پیر سکندر اور چک محمد زمان جبکہ مظہر حسین کو روجھانوالی سے قاسمکہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح عابد محمود کو مری میاں صاحب ون سے سٹی بہاولنگر، وجید علی کو قمر دین ہانس اور مومیکا سے چغتہ آرائیں اور اسلام پورہ، جبکہ محمد سلیم کو مری میاں صاحب ٹو میں اضافی ذمہ داریوں کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالعزیز، ناصر علی، امتیاز علی، محمد طارق، ظفر اقبال، عمر فاروق، طارق امین، سید ارسلان شاہ، احسن نعمان، عبدالمذکر، عبدالباسط، فیصل انور اور حمزہ حسن سمیت دیگر پٹواریوں کے بھی مختلف ریونیو سرکلز میں تبادلے کیے گئے ہیں، جبکہ بعض افسران کے اضافی چارجز واپس لے کر نئی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کی نقول ڈپٹی کمشنر بہاولنگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، تحصیلدار بہاولنگر، نائب تحصیلدار ڈونگہ بونگا اور متعلقہ افسران کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ریونیو حکام کے مطابق ان تبادلوں کا مقصد انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا، ریونیو نظام میں بہتری لانا اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
