اسلام آباد، 23 اگست 2026ء:
پاکستان بیت المال کے زیرِ اہتمام خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی دو روزہ نمائش اسلام آباد کے ایوانِ قائد، ایف-9 پارک میں شروع ہوگئی۔ نمائش کا افتتاح پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے کیا۔
نمائش میں پاکستان بھر کے ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین کی جانب سے تیار کردہ مختلف دستکاریوں، ملبوسات اور دیگر مصنوعات کے اسٹالز لگائے گئے۔ اس موقع پر پاکستان میں روانڈا کی سفیر ہیرریمانا فاتو، رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت محترمہ فرح ناز اکبر، مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے اور پاکستان بیت المال کے ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز سے وابستہ خواتین بھی موجود تھیں۔
سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے مہمانوں کے ہمراہ نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خواتین کی محنت، ہنر اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو صرف ہنر سکھانا کافی نہیں، بلکہ انہیں اس ہنر کو آمدن اور کاروبار میں تبدیل کرنے کے مواقع بھی فراہم کرنا ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیت المال کی کوشش ہے کہ خواتین کو فنی تربیت کے ساتھ کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن فروخت کے جدید طریقوں سے بھی آگاہ کیا جائے، تاکہ ان کی تیار کردہ مصنوعات مقامی منڈیوں تک محدود نہ رہیں بلکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک صارفین تک بھی پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ای کامرس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے خواتین کو جوڑنے سے نہ صرف ان کے کاروبار کو وسعت دی جاسکتی ہے بلکہ انہیں مستقل اور باعزت ذریعۂ آمدن بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے سرکاری اداروں، نجی شعبے، کاروباری تنظیموں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے درمیان مؤثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سینیٹر شاہین خالد بٹ نے بتایا کہ پاکستان بیت المال کے ملک بھر میں قائم 165 ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز میں جدید اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن کا مقصد خواتین کو بدلتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید ہنر سکھانا ہے۔ ان کے مطابق اب تک چار لاکھ سے زائد خواتین ان مراکز سے تربیت مکمل کر چکی ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم کے اُڑان پاکستان پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہنر، کاروبار، مارکیٹ اور ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنا ملک کی جامع معاشی ترقی کے وژن کا اہم حصہ ہے۔
پاکستان میں روانڈا کی سفیر ہیرریمانا فاتو نے پاکستانی ثقافت اور خواتین کے ہنر کو سراہتے ہوئے پاکستان بیت المال کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور مستحق خاندانوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے پاکستان اور روانڈا کے درمیان باہمی تعاون کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے بھی ہنر مند خواتین کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ایسا ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو مستقل معاشی مواقع میں تبدیل کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی طور پر خودمختار اور پُراعتماد خواتین نہ صرف اپنے خاندانوں کو سہارا دیتی ہیں بلکہ ملکی معیشت اور معاشرے کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔
یہ دو روزہ نمائش 23 اور 24 اگست کو ایوانِ قائد، ایف-9 پارک اسلام آباد میں جاری رہے گی، جہاں خواتین کی محنت اور ہنر کو خریداروں اور عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
