پاکستان بیت المال میں جشنِ آزادی کی تقریب، ملازمین کو انسانی خدمت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر توجہ دینے کی ہدایت

0
1

اسلام آباد: پاکستان بیت المال کے صدر دفتر میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارے کے صدر دفتر کے ملازمین کے علاوہ مختلف صوبائی اور علاقائی دفاتر کے افسران و ملازمین نے بھی آن لائن شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ ملک کے کمزور، مستحق اور ضرورت مند طبقات کی خدمت کو اپنا مشن بنائیں۔

انہوں نے پاکستان کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہذب قومیں اپنے محسنوں اور ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی حفاظت اور ملک کو مضبوط بنانے کے لیے قومی اتحاد، مضبوط معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت اور ایک مضبوط و منظم دفاع ناگزیر ہے۔

سینیٹر شاہین خالد بٹ نے پاک فوج کی صلاحیتوں اور ملک کے دفاع میں اس کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی خودمختار اور باوقار حیثیت مزید نمایاں ہوئی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے سفارتی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششیں ملک کی مثبت سفارتی شناخت کو اجاگر کرتی ہیں۔ ان کے مطابق مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ بھی پاکستان کی سفارتی اور دفاعی سطح پر ایک اہم کامیابی ہے۔

تقریب کے دوران حال ہی میں ترقی پانے والے ملازمین کو مبارک باد دی گئی۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال نے ملازمین کے دیرینہ اور حل طلب مسائل کو قانون اور قواعد کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

انہوں نے افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں تاکہ پاکستان بیت المال کے ذریعے معاشرے کے محروم اور مستحق افراد کو مؤثر معاونت فراہم کی جاسکے اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں عملی کردار ادا کیا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے ملازمین کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا