حنا خان کا راکی جیسوال سے جذباتی انکشاف، ’’میں نے کہا تھا کسی اور سے شادی کرلو‘‘

0
2

بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنی ازدواجی زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ کینسر کے علاج کے دوران انہوں نے اپنے شوہر راکی جیسوال سے کہا تھا کہ وہ چاہیں تو کسی اور سے شادی کرلیں۔

حنا خان نے اپنے پوڈکاسٹ میں راکی جیسوال کے ساتھ اپنے طویل تعلق اور زندگی کے ان مشکل حالات پر کھل کر گفتگو کی، جنہوں نے ان کے رشتے کو ایک نئے امتحان سے گزارا۔

38 سالہ اداکارہ کے مطابق ان کے رشتے میں مشکلات معمولی اختلافات یا لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے نہیں آئیں بلکہ زندگی کے حقیقی اور انتہائی مشکل حالات نے دونوں کے صبر اور محبت کا امتحان لیا۔

حنا نے بتایا کہ اپنی بیماری اور راکی کی والدہ کی صحت سے متعلق مشکلات کے دوران کئی ایسے مواقع آئے جب انہوں نے راکی سے کہا کہ وہ کسی اور کو اپنی زندگی کا ساتھی بنا سکتے ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ شاید حالات دوبارہ پہلے جیسے نہ ہوسکیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے راکی سے یہ بھی کہا کہ اگر وہ کسی اور شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ ان کے فیصلے پر خوش ہوں گی۔ حنا کے مطابق وہ راکی سے اتنی محبت کرتی ہیں کہ ان کے لیے اپنی خوشی سے زیادہ راکی کی خوشی اہم ہے۔

ان کے بقول یہی وہ وقت تھا جب ان کی محبت کا اصل امتحان ہوا، تاہم انہوں نے راکی کو آزمانے کے لیے یہ بات نہیں کہی تھی۔ راکی نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ چھوڑنے کے بجائے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا۔

حنا خان نے راکی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مشکل سفر کو اس انداز میں آسان بنا کر پیش کیا جیسے کچھ غیر معمولی ہوا ہی نہ ہو۔ اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اگر اس مشکل دور میں راکی ان کے ساتھ نہ ہوتے تو شاید ان کے لیے اس سب کا سامنا کرنا بہت مشکل ہوتا۔

حنا نے اپنی شادی کو محض تشہیری مہم قرار دینے والی قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ کچھ بھی کہیں، لیکن وہ اور راکی حقیقت جانتے ہیں اور ہر چیز کو پبلسٹی کے زاویے سے دیکھنے سے اصل حقیقت کہیں پیچھے رہ جاتی ہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ اور راکی تقریباً 13 سے 14 سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ شاید وہ اب بھی شادی نہ کرتے، اگر حالات نے انہیں اس فیصلے تک نہ پہنچایا ہوتا۔

حنا خان اور راکی جیسوال کی پہلی ملاقات ڈرامہ ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ حنا نے اس ڈرامے میں اکشرا کا کردار ادا کیا جبکہ راکی سپروائزنگ پروڈیوسر کے طور پر کام کررہے تھے۔ وقت کے ساتھ ان کی دوستی محبت میں بدل گئی اور طویل عرصے تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں نے گزشتہ برس شادی کرلی۔

حنا کی کہانی نے ایک بار پھر یہ دکھایا کہ حقیقی محبت صرف خوشیوں میں ساتھ رہنے کا نام نہیں، بلکہ مشکل ترین وقت میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رکھنا بھی محبت ہی کی سب سے بڑی آزمائش ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا