کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی تاریخی کامیابی، فاطمہ زہرا نے کانسی کا تمغہ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی

0
2

پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔

گلاسگو میں جاری ایونٹ کے سیمی فائنل میں فاطمہ زہرا کا مقابلہ کینیڈا کی باکسر ماریا سے ہوا۔ پہلے راؤنڈ میں کینیڈین باکسر کو 4-1 کی برتری حاصل رہی، جبکہ دوسرے راؤنڈ کے دوران ریفری نے مقابلہ روک دیا، جس کے باعث فاطمہ فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔ تاہم سیمی فائنل تک پہنچنے کی بدولت انہیں کانسی کا تمغہ ملا۔

اس سے قبل کوارٹر فائنل میں فاطمہ زہرا نے نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، جس کے بعد ان کی میڈل کی امیدیں روشن ہو گئی تھیں۔

یہ کامیابی پاکستان کے لیے کئی حوالوں سے تاریخی ہے۔ 2014 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ مقابلوں میں کوئی تمغہ جیتا ہے، جبکہ خواتین باکسنگ میں یہ پاکستان کا پہلا کامن ویلتھ میڈل بھی ہے۔

میڈل جیتنے کے بعد فاطمہ زہرا نے کہا کہ ان کا ہدف سونے کا تمغہ تھا، تاہم کانسی کا یہ میڈل بھی پاکستانی خواتین باکسرز کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام تک پہنچنے کے لیے طویل محنت کی گئی ہے اور یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی خواتین باکسنگ درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

فاطمہ زہرا کی اس کامیابی کو کھیلوں کے حلقوں میں پاکستان میں خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا