وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نادرا نے پنشنرز کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اب پنشنرز کو پروف آف لائف سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے فیس ادا نہیں کرنا ہوگی اور یہ سہولت گھر بیٹھے بھی حاصل کی جا سکے گی۔
نادرا کے مطابق پنشنرز پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی پنشنر موبائل ایپ استعمال نہیں کر سکتا تو اس کے خاندان کا کوئی فرد بھی یہ عمل مکمل کر سکے گا۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں تقریباً 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز، 988 نادرا مراکز اور 500 یونین کونسلز سے بھی یہ سرٹیفکیٹ مفت حاصل کیا جا سکے گا۔ نادرا مراکز اور یونین کونسلز میں پنشنرز کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ موبائل رجسٹریشن وین، بائیکر سروس اور مین پیک سروس کے ذریعے بھی خدمات دستیاب ہوں گی۔
اس اقدام کے تحت وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کے تعاون سے نیشنل پنشنرز رجسٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس رجسٹر میں پنشنرز کے پروف آف لائف اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کی جا سکے گی۔
نادرا کے مطابق مجاز بینک نیشنل پنشنرز رجسٹر سے پنشنر کی زندگی کی تصدیق براہِ راست کر سکیں گے، جس سے پنشن کے لیے بار بار ذاتی طور پر حاضر ہونے اور کاغذی کارروائی کی ضرورت کم ہوگی۔
نئے نظام کے ذریعے پنشنر کی وفات کی اطلاع بھی متعلقہ پنشن اتھارٹی تک پہنچائی جا سکے گی، جبکہ ثانوی یا فیملی پنشنرز کی عمر اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی بھی ریکارڈ کا حصہ بنے گی۔
حکام کے مطابق مستقبل میں دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے پنشنرز کو بھی نیشنل پنشنرز رجسٹر میں شامل کیا جائے گا، جس سے ملک میں پنشن کے نظام کو مزید ڈیجیٹل اور آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ سہولت خاص طور پر بزرگ پنشنرز کے لیے اہم ہے، کیونکہ اب انہیں صرف پروف آف لائف کے لیے بار بار دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
