پنجاب حکومت نے عوام کو جدید اور شفاف سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ای اسٹمپنگ سسٹم کو مزید وسعت دیتے ہوئے اسٹمپ پیپر کے حصول کا عمل آن لائن کر دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد اب صرف اشٹام فروشوں پر انحصار کرنے کے بجائے وکلاء، جائیداد کے خریدار و فروخت کنندگان، کاروباری افراد اور عام شہری بھی گھر بیٹھے ای اسٹمپ پیپر حاصل کر سکیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس نظام سے نہ صرف اسٹمپ فروشوں کی اجارہ داری کم ہوگی بلکہ جعلی اسٹمپ پیپرز کی روک تھام، شفافیت میں اضافہ اور شہریوں کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔
ای اسٹمپنگ سسٹم کے ذریعے شہری کرایہ نامہ، اقرار نامہ، حلف نامہ، پاور آف اٹارنی، شراکت نامہ، فروخت و خرید کے معاہدے اور دیگر قانونی دستاویزات کے لیے آن لائن اسٹمپ پیپر حاصل کر سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے شہریوں کو پنجاب ای اسٹمپنگ سسٹم کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا موبائل نمبر رجسٹر کرنا ہوگا، او ٹی پی کے ذریعے تصدیق مکمل کرنے کے بعد مطلوبہ اسٹمپ پیپر کی نوعیت منتخب کرنی ہوگی۔ اس کے بعد خریدار اور دیگر متعلقہ افراد کی معلومات درج کر کے سسٹم سے Payment Slip Identification (PIS) حاصل کی جائے گی۔
مقررہ رقم بینک، اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ، ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے جمع کرانے کے بعد ای اسٹمپ پیپر آن لائن ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا، جسے پرنٹ کر کے قانونی دستاویزات کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق ہر ای اسٹمپ پیپر پر یونیک نمبر اور QR کوڈ موجود ہوگا، جس کے ذریعے اس کی آن لائن تصدیق بھی کی جا سکے گی، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شناختی کارڈ نمبر، نام اور دیگر معلومات درج کرتے وقت مکمل احتیاط کریں تاکہ بعد میں کسی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
