اسلام آباد، 22 ستمبر 2026: وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے ہمراہ مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مارگلہ آرچرڈ پہنچنے پر ڈی ایچ اے اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران نے وفاقی سیکرٹری کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر مارگلہ آرچرڈ نے انہیں منصوبے پر ہونے والی مجموعی پیش رفت، جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحۂ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔
وفاقی سیکرٹری نے ہاؤسنگ اسکیم کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور بجلی، گیس، ہارٹیکلچر، سڑکوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق پیش رفت کے بارے میں متعلقہ افسران سے تفصیلات دریافت کیں۔ انہوں نے بجلی اور گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا اور ہارٹیکلچر سے متعلق جاری سرگرمیوں کو مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران وفاقی سیکرٹری نے بارش کے پانی کی نکاسی اور رین واٹر چینلائزیشن کے انتظامات کے بارے میں بھی بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے مین بلیوارڈ پر لائٹنگ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ رہائشی منصوبے میں بنیادی سہولیات کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر مارگلہ آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم کے بلاک اے کی جون 2027 میں پوزیشن یا قبضہ دینے کے حوالے سے بھی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی سیکرٹری نے اس حوالے سے متعلقہ امور کو مقررہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھانے پر زور دیا۔
کیپٹن (ر) محمد محمود نے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور بجلی، گیس، نکاسی آب، لائٹنگ، ہارٹیکلچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ آرچرڈ ایک اہم رہائشی منصوبہ ہے، اس لیے یہاں جاری ترقیاتی سرگرمیوں میں معیار، رفتار اور مؤثر نگرانی کو خصوصی اہمیت دی جائے۔
وفاقی سیکرٹری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے سے متعلق تمام ترقیاتی اور انفراسٹرکچر کے امور کو باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈی نیشن کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ الاٹیز کو مقررہ وقت پر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور منصوبے کے اہداف بروقت حاصل ہوں۔
دورے کے اختتام پر وفاقی سیکرٹری نے مارگلہ آرچرڈ میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار برقرار رکھنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
