ورلڈ کپ کا فارمیٹ مکمل تبدیل، آئی سی سی کے بڑے فیصلوں نے کرکٹ میں نئی ہلچل مچا دی

ورلڈ کپ کا فارمیٹ مکمل تبدیل

0
3

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور عالمی کوالیفکیشن نظام میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد ہر مرحلے کو زیادہ مسابقتی، دلچسپ اور سنسنی خیز بنانا ہے۔

آئی سی سی کے نئے فیصلے کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز ون ڈے ورلڈ کپ اب تین مراحل پر کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز میں عالمی رینکنگ میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان سپر سیریز ہوگی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔

دوسرے مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں 6، 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ اس مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں جبکہ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی دکھانے والی ایک مزید ٹیم سپر 7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

سپر 7 مرحلے میں تمام سات ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، جبکہ پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ورلڈ کپ کا ہر میچ پہلے دن سے ہی فیصلہ کن اہمیت کا حامل ہو اور کسی بھی ٹیم کے لیے معمولی مقابلے کی گنجائش نہ رہے۔

دوسری جانب 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی نمایاں تبدیلی کرتے ہوئے سپر 8 کی جگہ سپر 10 مرحلہ متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔

نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں پانچ گروپس ہوں گے، جن میں ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں اگلے مرحلے یعنی سپر 10 میں پہنچیں گی، جہاں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

سپر 10 مرحلے میں دونوں گروپس کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل کھیلیں گی، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے درمیان پہلی مرتبہ ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق ان تبدیلیوں سے ہر مرحلے میں مقابلوں کی سنسنی، اہمیت اور معیار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

آئی سی سی بورڈ نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل ایک نئے عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے، جو مستقبل میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل منعقد کیا جائے گا۔ اس ایونٹ کی حتمی منظوری نومبر میں متوقع ہے۔

اس کے علاوہ 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے نیا کوالیفکیشن نظام بھی منظور کر لیا گیا ہے۔ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں براہِ راست جگہ حاصل نہ کرنے والی ٹیمیں گلوبل کوالیفائر کھیلیں گی، جبکہ افریقا، ایشیا، یورپ، امریکا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجن سے ٹیمیں نئے نظام کے تحت ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا