عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت میں کمی جبکہ چاندی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ پر مرکوز ہوگئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں منگل کے روز فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کم ہو کر 4,055 ڈالر پر آ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں اس معمولی کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آئے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی بازار میں فی تولہ سونا 500 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 27 ہزار 936 روپے کا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 428 روپے کمی کے ساتھ 3 لاکھ 66 ہزار 886 روپے تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ چاندی 60 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 351 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 51 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 444 روپے میں فروخت ہونے لگی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر، مرکزی بینکوں کی پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے رجحانات کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتیں مسلسل تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔
